وزیر تجارت جام کمال خان سے کارپٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ملاقات، ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات بڑھانے پر تبادلۂ خیال

4

 

اسلام آباد، 24 جولائی )اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات، عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی مسابقت اور صنعت کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستانی قالینوں کی برآمدات بڑھانے، نئی عالمی منڈیاں تلاش کرنے، مصنوعات میں جدت لانے اور عالمی ویلیو چینز میں مؤثر شمولیت کے لیے پالیسی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی حکمتِ عملی ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور برآمدی صنعت کے فروغ پر مرکوز ہے، جبکہ شفاف، قواعد پر مبنی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے برآمدات میں پائیدار اضافہ حکومت کی ترجیح ہے۔

وفد نے وفاقی وزیر کو علاقائی تجارتی رکاوٹوں، عالمی سپلائی چین میں خلل اور قالینوں کی صنعت کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار دوست اور قابلِ پیش گوئی پالیسی فریم ورک برآمدات کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ وفد نے بین الاقوامی منڈیوں تک بہتر رسائی کے لیے تجارتی روابط اور لاجسٹکس میں بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جام کمال خان نے یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ تجارت صنعت کی تجاویز پر متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد قابلِ عمل حل تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے تجارت میں حائل حقیقی رکاوٹیں دور کر کے برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

وفد نے وزارتِ تجارت کے مثبت کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل تعاون قالینوں کی برآمدات کی بحالی اور صنعت کی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔