لاہور، 24 جولائی (اے پی پی): قومی ویمنز کرکٹرز ام ہانی اور عروب شاہ نے ٹیم کی حالیہ پرفارمنس اور اپنی انفرادی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاٹ بالز اور وکٹ کے باؤنس کو کامیابی کا اہم ذریعہ قرار دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈیجیٹل میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں آف اسپنر ام ہانی کا کہنا تھا کہ کم بیک کے بعد پہلی گیند پر تھوڑا دباؤ ضرور تھا لیکن وہ جلد ہی سب کچھ نارمل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا سادہ سا پلان وکٹ کے باؤنس سے فائدہ اٹھا کر رنز روکنا اور ڈاٹ بالز کے ذریعے وکٹ حاصل کرنا تھا۔
ام ہانی نے اعتراف کیا کہ ان کی خواہش سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو کو آؤٹ کرنے کی تھی جو اس میچ میں پوری نہ ہو سکی، تاہم وہ آئندہ میچوں میں بھی اس تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے صدف شمس، گل فیروزہ اور سدرہ امین کی شاندار بیٹنگ اور مضبوط پارٹنرشپ کو ٹیم کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔
دوسری جانب لیگ اسپنر عروب شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوچز کی ہدایت اور اپنی محنت کے مطابق چیزوں کو سادہ رکھتے ہوئے ڈاٹ بالز پر توجہ مرکوز کی، جس سے مخالف بیٹرز پر دباؤ بڑھا اور وکٹیں حاصل کرنے میں مدد ملی۔ عروب شاہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل کے مقابلوں میں بھی اسی تسلسل اور کارکردگی کو جاری رکھیں گی۔











