ملتان ،25 جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، گرمی کی شدت میں کمی اور شہر کے گرین کور میں اضافے کے لیے ضلع بھر میں بھرپور شجرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایچ اے، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھٹہ خشت، تعلیمی اداروں، فیکٹریوں، انڈسٹریل ایریاز، شہر کے داخلی و خارجی راستوں، بائی پاسز اور اہم شاہراہوں کے اطراف بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر میانواکی جنگلات بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ ماحول کو بہتر بنانے اور درجہ حرارت میں کمی لانے میں مدد مل سکے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شجرکاری کے ذریعے گرین کور میں اضافہ اور ماحولیاتی توازن کی بحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے مطابق شجرکاری کو یقینی بنایا جائے اور اس عمل کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جائے۔انہوں نے سول سوسائٹی، طلبہ، سماجی تنظیموں اور شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے کر سرسبز، صاف اور خوشگوار ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔











