عوامی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے، آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مشاورتی عشائیے سے مریم اورنگزیب اور حنیف عباسی کا خطاب

21

راولپنڈی۔26جولائی  (اے پی پی):پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، عوامی خوشحالی اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عملی کارکردگی اور عوامی خدمت پر مبنی ہے جبکہ مریم نواز شریف مطالبے سے پہلے مطالبہ پورا کرتی ہیں اور یہی ان کے عوامی خدمت کے وژن اور طرز حکمرانی کی نمایاں پہچان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو دانیال پیلس میں آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ مشاورتی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی، سابق سینیٹر چوہدری تنویر علی خان، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، طاہرہ اورنگزیب، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، رکن صوبائی اسمبلی عمران الیاس، مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کی سینئر قیادت، امیدوار یاسین لون، احمد رضا قادری اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ محمد نواز شریف کے ادوار حکومت میں آزاد جموں و کشمیر میں سڑکوں، صحت، تعلیم، بجلی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مختصر عرصے میں پنجاب بھر میں متعدد عوامی فلاحی منصوبے شروع کر چکی ہیں۔ گرین بس سروس، ستھرا پنجاب پروگرام، طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبے اسی وژن کا حصہ ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ راولپنڈی میں پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے بھی پیش رفت ہو رہی ہے اور متعلقہ امور پر عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پاکستان کی مستقل قومی پالیسی ہے۔ انہوں نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید مضبوط کریں۔

 اس موقع وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارے لیے ہر چیز سے مقدم ہے اور اس کی سلامتی، استحکام اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، جس میں مسلح افواج اور شہداء کی عظیم قربانیوں کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر وطن کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے افواج پاکستان کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی قربانیوں کی بدولت کشمیری عوام خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پوری قیادت متحد ہو کر انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات کسی ایک امیدوار یا شخصیت کا نہیں بلکہ قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت، ترقی اور استحکام کے وژن پر عوام کے اعتماد کا امتحان ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے اپنے ادوار حکومت میں ملک کو موٹرویز، جدید تعلیمی اداروں، کھیلوں کی سہولتوں اور صحت کے منصوبوں کا تحفہ دیا جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوامی سہولت کے متعدد منصوبے مکمل کیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں عوامی فلاح کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں، جن میں ستھرا پنجاب پروگرام، گرین بس سروس کی توسیع، جدید طبی سہولتوں کی فراہمی اور راولپنڈی میں 400 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال کا منصوبہ شامل ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی کینٹ میں جلد 50 نئی گرین بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے جو عوامی خدمت کے لیے حکومت کے مؤثر اقدامات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عوام کے اعتماد سے کامیاب ہوں گے اور جماعت ایک بار پھر عوامی خدمت کا سفر مزید قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی، معاشی استحکام، دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے فروغ میں قائد محمد نواز شریف کی قیادت کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے اپنے ادوار حکومت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، قومی اداروں کو مضبوط بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے جن کے مثبت ثمرات آج بھی عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اسی ترقیاتی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک بھر میں عوامی فلاح، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام نے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو شہر میں پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے اس مسئلے کے جلد اور مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور کشمیری عوام کی قائد محمد نواز شریف سے محبت اور وابستگی کئی دہائیوں پر محیط ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، عوامی فلاح اور مسئلہ کشمیر کو قومی ترجیحات میں سر فہرست رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اجتماع میں کارکنوں کے غیر معمولی جوش و خروش نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 26 جولائی کے عوامی اجتماع کی طرح 2 اگست کو بھی عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حق میں بھرپور فیصلہ دیں گے۔

 رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، طاہرہ اورنگزیب، سابق سینیٹر چوہدری تنویر، رکن صوبائی اسمبلی عمران الیاس، سابق میئر سردار نسیم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔