وزیر تجارت جام کمال خان سے  سبکدوش ہونیوالے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی الوداعی ملاقات

5

اسلام آباد، 28جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں تعینات سبکدوش ہونے والے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور باہمی روابط کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

جام کمال خان نے خضر فرہادوف کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ تعیناتی میں پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات تاریخی بلندیوں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھویں مشترکہ وزارتی کمیشن، ترجیحی تجارتی معاہدے(پی ٹی اے) اور مختلف معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی جہت دی، جبکہ آذربائیجان ٹریڈ ہاؤسز، مشترکہ چیمبر آف کامرس اور مشترکہ بزنس فورمز کے قیام سے دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول اور شفاف پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور خطے کے درمیان زمینی تجارتی روابط کے فروغ سے علاقائی تجارت اور اقتصادی انضمام کو نئی رفتار ملے گی۔

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ انہوں نے آذربائیجانی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز اور صنعتی مراکز کے دوروں کی دعوت دی ہے تاکہ وہ یہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے اظہارِ امید کیا کہ آذربائیجان کی پاکستان میں مجوزہ سرمایہ کاری، خصوصاً توانائی کے شعبے میں، جلد عملی شکل اختیار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان توانائی، انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر جام کمال خان نے خضر فرہادوف کی کامیاب سفارتی خدمات کو پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کا ایک سنہری باب قرار دیتے ہوئے ان کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں اور زندگی کے ہر مرحلے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔