وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی دوحہ میں قطری ہم منصب سے اہم ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

7

دوحہ ، 28جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے دورے کے دوران قطری وزیر داخلہ و کمانڈر داخلی سلامتی فورس “لخویا” شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں سکیورٹی سے متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی پارٹنر شپ کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزارت داخلہ کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ داخلی سکیورٹی سے متعلق باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہم قطر کے ساتھ سکیورٹی اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک کو مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے قطری ہم منصب سے ان کے والد محترم سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور قطر کی تعمیر و ترقی میں مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

قطری وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور دوطرفہ اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔