اسلام آباد ،28 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
’پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم‘ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے غریب و متوسط طبقے کو اپنی چھت کے حصول کے لیے ’’وزیراعظم اپنا گھر اسکیم‘ کا اجراء کیا گیا ہے۔ انہوں نے اسکیم کے حوالے سے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا گھر اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ کریں۔ انہوں نے اپنا گھر اسکیم کے لیے عمودی اور افقی ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کی فنانسنگ کے لیے بینک اب تک 204 ارب روپے منظور کر چکے ہیں جبکہ 27 ارب روپے کی فنانسنگ کی جا چکی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان اپنا گھر اسکیم پر پیشرفت کا ہر ہفتے جائزہ لے رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیر زادہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











