اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن کی الوداعی ملاقات

4

اسلام آباد،27 جولائی )اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قازقستان کے سفیر یرزہان کستافن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ یہ ملاقات سفیر کی پاکستان میں مدت سفارت مکمل ہونے کے موقع پر ہوئی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں یرزہان کستافن کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات میں نمایاں فروغ آیا ہے۔ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی روابط باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ پارلیمانی روابط میں اضافہ ہم آہنگی کے فروغ اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورۂ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔

قازق سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کے تعریفی کلمات پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

قازق سفیر نے کہا کہ بطور سفیر پاکستان میں تعیناتی کے دوران جو عزت، خلوص و تعاون ملا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔