وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات

5

 اسلام آباد ،31 جولائی (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر (Ms Bolormaa Amgaabazar)

کی قیادت میں وفدنے  جمعہ کو  اسلام آباد میں ملاقات کی  ۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا اور پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں ادارے کے کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے عالمی بینک کی پاکستان کے ترقیاتی سفر میں مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اصلاحات کے ایجنڈے پر بھرپور عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کا آئینی وفاقی ڈھانچہ، صوبائی خودمختاری اور وفاق اور صوبوں کے درمیان باہمی تعاون و مشاورت ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے “پاکستان میں مالیاتی وفاقیت کو مضبوط بنانے” (Strengthening Fiscal Federalism in Pakistan) رپورٹ پیش کی اور رپورٹ کے مندرجات پر بریفننگ دی۔

ورلڈ بینک کے وفد نے اپنی رپورٹ کے اہم نکات پیش کرتے ہوئے پاکستان میں اٹھارہویں آئینی ترمیم اور ساتویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے بعد مالیاتی وفاقیت کے ارتقاء، محصولات، اخراجات، وفاقی و صوبائی مالیاتی تعلقات، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی وسائل کے استعمال سے متعلق اپنے تجزیے اور مشاہدات سے آگاہ کیا۔

وفد نے اپنی رپورٹ میں مختلف پالیسی سفارشات بھی پیش کیں جن کا مقصد، مالیاتی نظم و ضبط، وسائل کے مؤثر استعمال، خدمات کی فراہمی میں بہتری اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے پیش کیا گیا تجزیہ اور بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں تقابلی جائزہ لائق تحسین ہے، ایسے مطالعات پالیسی سازی کے عمل میں مفید رہنمائی فراہم کرنے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔

وزیراعظم نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی۔ یہ کمیٹی عالم بینک کی رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات کا متعلقہ فریقین بشمول صوبوں سے مشاورت اور پاکستان کے آئینی و وفاقی ڈھانچے کو مدنظر رکھتے ہوئے جائزہ لے گی، تاکہ عوامی مفاد میں قابلِ عمل تجاویز پر غور کیا جا سکے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ اور احسن اقبال، مشیر وزیر اعظم ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔