وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کی ملاقات

4

اسلام آباد ،31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تمام چیمبرز آف کامرس کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے اپنے صوبوں کی موجودہ سیکورٹی صورتحال اور درپیش مسائل سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کو ملک خصوصاً دونوں صوبوں میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے تاجر برادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ جلد ہی پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کروں گا، جہاں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام اور نمائندوں کی موجودگی میں آپ سے تفصیلی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ درپیش مسائل کا مستقل اور عملی حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نجی شعبے کے کردار کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ کاروباری برادری کی ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی پنہاں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے آخر میں کہا کہ پوری حکومت آپ کے ساتھ ہے اور ہم آپ کے تمام جائز مسائل حل کریں گے۔