شکاگو،31 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے شکاگو میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا،جہاں ان کا استقبال فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل دمیر نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل شکاگو زمان مہدی بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کی جانب سے عالمی سطح پر جاری فلاحی منصوبوں اور انسانی خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن چالیس سے زائد ممالک میں تعلیم،صحت،صاف پانی کی فراہمی اور اسکل ڈویلپمنٹ سمیت مختلف سماجی شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے اس موقع پر وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ کے اقدامات اور کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت سماجی تحفظ کا دائرہ کار مزید وسیع کر رہی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں غربت کے خاتمے، سماجی بہبود اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
سید عمران احمد شاہ نے زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کی قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ سماجی تحفظ اور فلاحی شعبے میں تعاون کے مزید مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے شکاگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور ان سے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔











