اسلام آباد،31 جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری کے لیے جدید، شفاف اور مؤثر انتخابی نظام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اپنے لائیو ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ٹریڈ باڈیز کے انتخابات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ریئل ٹائم ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ انتخابی شیڈول، ووٹر فہرستیں اور نتائج آن لائن دستیاب ہوں گے تاکہ انتخابی عمل مزید آسان، منظم اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ آزاد مبصرین انتخابی عمل کا جائزہ لیں گے، جبکہ وزارت تجارت، ٹی ڈی اے پی اور اسٹیٹ لائف کے افسران بھی اس عمل میں معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے ڈی جی ٹی او کو انتخابی عمل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بڑے پولنگ مراکز پر بہترین انتظامات کیے جائیں گے تاکہ انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوں۔
اس موقع پر ڈی جی ٹی او بلال خان پاشا نے انتخابی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریڈ باڈیز کے انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے اور حتمی ووٹر فہرستیں قانون کے مطابق شائع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے انتخابات ستمبر کے اختتام تک مکمل کیے جائیں گے، جبکہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات اکتوبر کے آغاز میں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت تجارت کاروباری برادری کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور شفاف، جدید اور مؤثر انتخابی نظام کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔











