ملک بھر میں چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں سےمتعلق اجلاس

6

اسلام آباد،31 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت ملک بھر میں چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) بلال خان پاشا نے انتخابی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ٹریڈ باڈیز کے انتخابات کے مجموعی انتظامات، انتخابی شیڈول، ووٹر فہرستوں کی تیاری، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال، الیکشن کمیشنز کی تشکیل، پولنگ انتظامات، بیلٹ پیپرز کے انتظام، انتخابی نگرانی، نتائج کی دستاویز سازی اور بعد از انتخاب اپیلوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

ڈی جی ٹی او بلال خان پاشا نے وزیر تجارت کو آگاہ کیا کہ چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ستمبر کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات اکتوبر سے دسمبر کے اختتام تک منعقد ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ٹی او کے دائرہ کار میں آنے والی رجسٹرڈ ٹریڈ آرگنائزیشنز میں سے رواں سال تین سو بیس تنظیموں میں انتخابات ہوں گے۔

اجلاس میں انتخابی عمل کو مؤثر، منظم اور شفاف انداز میں مکمل کرنے کے لیے کیے گئے انتظامات،تربیت یافتہ مبصرین کی تعیناتی، معیاری طریقہ کار، پولنگ اور ووٹوں کی گنتی کے انتظامات اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے انتخابی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انتخابی عمل قانون و قواعد کے مطابق،مکمل غیرجانبداری اور مؤثر انتظامات کے ساتھ بروقت مکمل کیا جائے،تاکہ ملک بھر کی کاروباری برادری کو ایک منظم اور خوش اسلوب انتخابی عمل میسر آ سکے۔