پاکستان ریلوے کی جدید کاری، ترکیہ سے بڑے تعاون کی راہ ہموار

4

ترکیہ، 31 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے دو روزہ سرکاری دورۂ ترکیہ کے دوران ترک کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان ریلوے کے جدید کاری پروگرام میں ترک کمپنیوں کی شمولیت کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان ریلوے کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مختلف ماڈلز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، تعمیر، آپریشن اور منتقلی اور انجینئرنگ، خریداری اور تعمیرات سمیت دیگر جدید ماڈلز کے ذریعے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے ترک کمپنیوں کو پاکستان ریلوے کے بڑے ترقیاتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی۔ فریقین نے مین لائن ون کے آئندہ مراحل میں ترک کمپنیوں کی تکنیکی مہارت سے استفادہ کرنے اور مین لائن تھری کی جدید کاری میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں اسلام آباد، تہران، استنبول مال برداری راہداری کی بحالی کے لیے بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ اس راہداری کی بحالی سے خطے میں تجارت اورمعاشی روابط کو نئی رفتار مل سکتی ہے۔

ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے راہداری میں ترک کمپنیوں کی شمولیت کے امکانات بھی زیر بحث آئے جبکہ پاکستان ریلوے کے اسٹیشنز، مال برداری مراکز اور لاجسٹکس پارکس میں ترک سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی۔

فریقین نے ریلوے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ تجارتی ترقی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا اور ترک کمپنیوں کو پاکستان میں مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی شراکت داری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی گئی۔

ملاقات میں پاکستان ریلوے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی سطح پر ریلوے آلات کی تیاری کے لیے تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ مسافر کوچز، مال بردار ویگنز اور ریلوے آلات کی مقامی تیاری میں ترک ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ پاکستان ریلوے کی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو ترک تجربے اور ٹیکنالوجی سے مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری میں عالمی معیار کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترک کنٹریکٹرز کی عالمی سطح پر بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے مکمل کرنے کی مہارت پاکستان ریلوے کے لیے ایک اہم موقع ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریلوے تعاون کو بنیادی ڈھانچے سے آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں تک وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریلوے کے شعبے میں طویل المدتی تکنیکی تعاون، تربیت اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری میں ترک کمپنیوں کی شمولیت سے نئی سرمایہ کاری اور ترقیاتی مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو عملی اقتصادی منصوبوں میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔