اسلام آباد ، یکم اگست ( اے پی پی): عوام کی سہولت کے لیے ایکسپریس وے کی خستہ حال سروس روڈ کی بحالی و کشادگی کے منصوبے پر ترقیاتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کا الصبح دورہ کر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کو ایک سال کے بجائے چند ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا اور کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں رفتار، معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد کی درجنوں آبادیوں کو فائدہ پہنچے گا اور ہائی وے پر ٹریفک کے دباؤ اور رش میں نمایاں کمی آئے گی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے لیے آمد و رفت مزید آسان اور تیز ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرانی سروس روڈ کی حالت زار دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا ہے۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایسی خراب سروس روڈ اسلام آباد کا حصہ ہے۔ اسلام آباد کے ہر علاقے کی ترقی اور شہریوں کو معیاری سہولتیں مہیا کرنا ترجیح ہے اور انشاء اللّہ عوامی مشن کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ 8.25 کلومیٹر طویل ہوگا اور فیض آباد سے کورال چوک تک مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے میں 6 رویہ سڑک، دونوں اطراف تین تین، ایک انڈر پاس اور ایک فلائی اوور شامل ہے۔اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











