پاکستان ریلوے کی جدیدکاری کے لیے ترکیہ میں اہم پیش رفت

5

ترکیہ، یکم  اگست ( اے پی پی):  ترکیہ کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوسرے روز وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے TÜRASAŞ ساکاریا اور ASELSAN کا دورہ کیا  اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جدید ریلوے ٹیکنالوجیز، مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

‏TÜRASAŞ ترکیہ کا سب سے بڑا سرکاری ریلوے مینوفیکچرنگ ادارہ ہے۔ یہ ادارہ مسافر کوچز، انجن، EMUs، DMUs، فریٹ ویگنز اور دیگر رولنگ اسٹاک کی تیاری و جدیدکاری میں نمایاں مقام رکھتا ہے جبکہ

‏ASELSAN ترکیہ کی معروف دفاعی اور ہائی ٹیکنالوجی کمپنی ہے، جو جدید ریلوے سگنلنگ، مواصلاتی نظام، سائبر سکیورٹی، آٹومیشن اور انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹمز میں جدید تکنیکی حل فراہم کر رہی ہے۔

ترک نائب وزیر ٹرانسپورٹ عثمان بویراز، ڈائریکٹر جنرل TÜRASAŞ سلیم کوچبائے، ڈائریکٹر جنرل TCDD Taşımacılık اوفوک یالچن، ڈپٹی گورنر ساکاریا اور ASELSAN حکام نے وفاقی وزیر اور وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع  پر جدید ریلوے صنعت، آپریشنز، سگنلنگ، مواصلاتی نظام اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے جدید مسافر کوچز، انجن، EMUs، DMUs، فریٹ ویگنز اور جدید پیداواری نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، کوالٹی کنٹرول اور جدید ریلوے انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔

پاکستان ریلوے، TÜRASAŞ اور ASELSAN کے درمیان ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور رولنگ اسٹاک کی جدیدکاری پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

جدید سگنلنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، سائبر سیکیورٹی، خودکار ٹرین کنٹرول اور ذہین ریلوے نظام میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ کیرج فیکٹری اسلام آباد اور پاکستان ریلوے کی ورکشاپس کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے پر غور کیا گیا۔

مشترکہ پیداوار، مقامی مینوفیکچرنگ اور الیکٹرانک ریلوے آلات کی تیاری کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، جدید ٹریفک مینجمنٹ، فائبر آپٹک مواصلاتی نظام اور محفوظ ریلوے آپریشن حکومتی ترجیحات ہیں۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان ریلوے کو مزید مؤثر، محفوظ اور مسابقتی بنایا جا رہا ہے۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ML-1، ML-3 اور اسلام آباد–تہران–استنبول (ITI) فریٹ کوریڈور کی کامیابی کے لیے جدید ریلوے ٹیکنالوجی ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  بین الاقوامی معیار کے سگنلنگ اور مواصلاتی نظام سے علاقائی روابط اور فریٹ آپریشنز مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے  بتایا کہ انجینئرز کی تربیت، تکنیکی مہارت کے تبادلے، تحقیق، سائبر سکیورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاقِ رائے ہوا اور  اس شراکت داری سے پاکستان ریلوے کی تکنیکی استعداد اور ادارہ جاتی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ ترکیہ پاکستان ریلوے کی جدیدکاری، صنعتی ترقی اور اختراع میں ایک اہم اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پارٹنر ہے۔دونوں برادر ممالک ریلوے ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے طویل المدتی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔