اسلام آباد، 03 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر امام بارگاہ جی سکس ٹو اسلام آباد میں عزاداران کے لیے مفت ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کیمپ جاری ہے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق کیمپ میں عزاداران کو مفت اسکریننگ، طبی رہنمائی اور ہیپاٹائٹس سی سے بچاؤ کے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اسکریننگ میں مثبت آنے والے افراد کو مفت علاج کے لیے قومی پروگرام کے متعلقہ مراکز سے منسلک کیا جائے گا۔ قومی پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء داوڑ اسکریننگ کیمپ کی نگرانی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے عوام سے اپیل کی کہ پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے کے لیے اپنی اسکریننگ ضرور کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج سے ہیپاٹائٹس سی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مفت اسکریننگ، مفت ٹیسٹ اور مفت علاج حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ایک قوم، ایک مشن، ہیپاٹائٹس سے پاک پاکستان” ہمارا قومی عزم ہے اور ہیپاٹائٹس سی فری پاکستان ہمارا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشن کی کامیابی کے لیے عوام، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔











