صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی پاکستان ہائی کمیشن کوالالمپور آمد، بین المذاہب ہم آہنگی اور سکھ برادری سے روابط کے فروغ پر زور

7

لاہور، 3 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ملائیشیا کے دورے پر موجود صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پاکستان ہائی کمیشن، کوالالمپور کا دورہ کیا، جہاں ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ملاقات میں ہیڈ آف چانسری رضوان صدیق، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ نوید، ویزا کونسلر محمد جواد اور دیگر سفارتی حکام بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود، مذہبی آزادی، بااختیار بنانے کے اقدامات اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقلیتی بہبود، مذہبی ہم آہنگی اور کمیونٹی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ مقامی سکھ برادری کے نمائندوں نے پاکستان میں سکھ یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ملائیشیا میں مقیم سکھ برادری کو گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت اور مقدس گوردواروں کے درشن کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے سکھ یاتریوں کو ویزوں کے اجرا میں مزید سہولت فراہم کرنے کی بھی درخواست کی، جبکہ ملائیشین سکھ سنگت کو پاکستان میں 50 گوردواروں کی بحالی کے منصوبے میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سفارتی حکام کو پنجاب میں اقلیتوں کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی وظائف، فلاحی اقدامات اور سماجی بہبود کے پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں 7 سے 11 اگست تک منائے جانے والے مائنارٹی ویک کی تقریبات، تمام مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی، مسیحی اور دیگر اقلیتی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف، ملائیشیا میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور پاکستانی اقلیتی نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور بہتر امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مقامی سکھ سنگت کے رہنماؤں انیل جیت سنگھ، بھجن میت سنگھ، بلدیو سنگھ لیو، اوتار سنگھ ٹیری، جسونت سنگھ کھلون، دلجیت سنگھ پھون، گیانی لکھبیر سنگھ، منویر سنگھ اور ہربھجن سنگھ بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ سکھ نوجوانوں کو ان کے مذہبی ورثے سے جوڑنے اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں تمام مذہبی اقلیتوں کو مساوی حقوق، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔