وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی کا یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے پیغام

3

اسلام آباد، 05اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نوابزادہ خالد حسین مگسی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مستقل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کا مؤقف واضح اور مستقل ہے اور ملک ہر سطح پر اس مسئلے کے پرامن اور منصفانہ حل کی حمایت کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقوق، امن، ترقی اور خوشحالی پاکستان کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر مسئلۂ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی آواز مؤثر انداز میں پہنچانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

نوابزادہ خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گا۔