کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،اعظم نذیر تارڑ

3

اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ہم یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست2019 کے یکطرفہ اقدامات نے نہ صرف خطے کی صورتحال کو ایک نئے مرحلے میں داخل کیا بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق، شناخت اور مستقبل سے متعلق اہم قانونی اور انسانی پہلوؤں کو بھی مزید نمایاں کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کئی دہائیوں سے مشکلات، غیر یقینی صورتحال اور اپنے بنیادی حقوق سے متعلق سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کی امن، انصاف اور جائز حقوق کے حصول کی خواہشات عالمی برادری کی سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انسانی حقوق آفاقی، ناقابلِ تقسیم اور ہر انسان کا بنیادی حق ہیں۔ ہر فرد کو بلاامتیاز عزت، مساوات، آزادی اور قانون کے مساوی تحفظ کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر مناسب بین الاقوامی فورم پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر انصاف، انسانی وقار، امن اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی جائے اور دعا کی جائے کہ وہ دن جلد آئے جب جموں و کشمیر کے عوام امن، آزادی اور وقار کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔