وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 36واں اجلاس، آزاد کشمیر میں انتخابی کامیابی پر مبارکباد

6

لاہور، 6 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 36واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے پارٹی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد دی گئی، اجلاس میں امن و امان، زراعت، تعلیم، بلدیاتی امور، ٹرانسپورٹ، صحت اور عوامی فلاح سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں فتح سے نوازا اور عوام نے قائد محمد نواز شریف کی قیادت پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقیاتی منصوبوں، بہتر بلدیاتی نظام اور الیکٹرو بس جیسے جدید عوامی منصوبے چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کچہ آپریشن کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 30 برس بعد کچہ کے علاقوں سے اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم کا خاتمہ ممکن ہوا ہے، جبکہ گزشتہ نومبر سے ان علاقوں میں جرائم کی شرح صفر رہی ہے۔ کابینہ نے کچہ کے علاقے میں پہلی مرتبہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے مالیت کے اسلحہ اور حفاظتی آلات کی منظوری دی۔ اجلاس میں کچہ ایریا میں تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس اور شہداء پیکج کے قواعد میں نرمی کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے نوجوانوں کی پولیس میں بھرتی کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے خصوصی رعایتی پیکج کی منظوری دی، جبکہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کے تحت 30 ہزار افراد کو قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹمنٹ لیٹر جاری کیے جانے کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس اسکیم کے لیے ایک لاکھ 71 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 60 ہزار درخواست گزار اہل قرار پائے۔

وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں گندم کی کاشت کی حوصلہ افزائی اور کسانوں کی معاونت کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اچھی فصل کے باوجود گندم کی کمی کا تاثر تشویشناک ہے اور اس حوالے سے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں محکمہ لٹریسی کو محکمہ تعلیم کے ساتھ منسلک کرکے وزیر تعلیم کے ماتحت کرنے، صوبے بھر میں 900 سیکرٹری یونین کونسلز کی بھرتی اور سرکاری دکانوں سے متعلق جامع رپورٹ طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے میٹرک امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی سرکاری سکول ٹیچر کی بیٹی کو شاباش دی اور پنجاب کے شفاف امتحانی نظام کو سراہا۔ انہوں نے اس امر پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ میٹرک کے نتائج میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 78 فیصد رہا۔

کابینہ نے مون سون بارشوں اور شہری سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کو سراہا، جبکہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مؤثر اقدامات پر وزیراعلیٰ نے اپنے معاون خصوصی شعیب مرزا کی کارکردگی کی تعریف کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل تک الیکٹرو بس سروس پہنچانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دسمبر تک مزید 1100 الیکٹرو بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

کابینہ نے عاشورہ محرم اور چہلم کے دوران بہترین انتظامات پر کابینہ کمیٹی، خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین، سیکرٹری داخلہ قاضی احمد جاوید اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ سپریم کورٹ کے سیمینار میں پنجاب کی جیل اصلاحات کو سراہے جانے پر سیکرٹری داخلہ کی خدمات کی بھی تعریف کی گئی، جبکہ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں اصلاحات پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری نادیہ ثاقب کو بھی مبارکباد دی گئی۔

اجلاس میں اسٹریٹجک ذخائر اور اسٹاک مینجمنٹ کے لیے نیشنل ویٹ پالیسی 2026-2030 کا جائزہ لیا گیا، جبکہ میڈیکل انٹری ٹیسٹ سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے چار رکنی وزارتی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

کابینہ اجلاس کے اختتام پر قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں عوامی خدمت، امن و امان، معاشی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔