اسلام آباد،7اگست (اے پی پی):پاکستان کی انڈر 21 اور جنوبی کوریا کی سینئر ہاکی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں کوریا نے پاکستان کو 2-6 سے شکست دے دی۔
اس موقع پر آئی پی سی سیکرٹری و “ پی ایچ ایف” صدر محی الدین احمد وانی، چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، سینئر سپورٹس اینکر یحییٰ خان کے علاوہ اسپانسرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر میں کوریا نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ابتدائی منٹوں میں ہی دو گول سکور کر دیئے ۔
میچ کے تیسرے اور پانچویں منٹ میں بالترتیب شرٹ نمبر 08 (Rim Jinkang) اور شرٹ نمبر 28 (Kim Hyeonhong) نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کر کے کوریا کو 0-2 کی برتری دلائی۔ دوسرے کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے میچ کے 19ویں منٹ میں شرٹ نمبر 09 محمد احمد نے ایک خوبصورت فیلڈ گول اسکور کر کے اسکور 1-2 کیا۔ ہاف ٹائم تک کوریا کو 1-2 سے برتری حاصل تھی۔
تیسرے کوارٹر میں کوریا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل 3 پینلٹی کارنر گول کیے۔ 37ویں اور 40ویں منٹ میں شرٹ نمبر 15 (Lim Dohyun) جبکہ 42ویں منٹ میں شرٹ نمبر 28 (Kim Hyeonhong) نے گول اسکور کر کے برتری 1-5 کر دی۔
چوتھے کوارٹر میں پاکستان کے غلام مصطفیٰ نے 43ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے اسکور 2-5 کیا۔ تاہم 54ویں منٹ میں کوریا کے (Kim Yong Bok) نے ایک اور فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح 2-6 سے یقینی بنا دی۔
واضع رہے پاکستان ٹیسٹ سیریز 0-3 سے پہلے ہی جیت چکا تھا۔ چوتھا میچ انڈر 21 کی ٹیم نے کوریا کے خلاف کھیلا۔ قومی ٹیم کی پرفارمنس کو شائقین ہاکی نے بے حد سراہا۔











