لاہور، 7 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP)
سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ مختلف شہروں میں جاری سیوریج، ڈرینیج اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے فوراً بعد پنجاب کے تمام شہروں میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس اسٹڈی، سیوریج اور ڈرینیج منصوبوں کی امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ اور منصوبوں پر عوامی فیڈبیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیر والا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر، میلسی، ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، راولپنڈی اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 29 شہروں میں انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مون سون کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کو خصوصی شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ باغبانپورہ سانحے کے دوران کیپٹن علی اعجاز آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے، جبکہ گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنا قابلِ ستائش کارکردگی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹمز کی تکمیل کے بعد نکاسی آب کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے دن رات کام کرنے والے تمام افسران اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔مریم نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت شہریوں کو بہتر شہری سہولیات، مؤثر نکاسی آب اور محفوظ انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرے گی اور ہر منصوبے کے نتائج کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔











