یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز میں پہلی پیڈیاٹرک اپ ڈیٹ کانفرنس 2026 کا آغاز، قومی ایمرجنسی گائیڈ لائنز کی تیاری اہم سنگِ میل قرار

4

لاہور، 7 اگست (اے پی پی): یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پہلی سالانہ دو روزہ پیڈیاٹرک اپ ڈیٹ کانفرنس 2026 کا افتتاحی سیشن منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ممتاز ماہرین اطفال، طبی ماہرین، اساتذہ، قومی و بین الاقوامی مقررین اور مختلف طبی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ یہ صرف ایک طبی کانفرنس نہیں بلکہ مسلسل طبی تعلیم، تحقیق، باہمی تعاون اور شواہد پر مبنی طبی عمل کے ذریعے بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کی ایک اہم قومی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی سب سے نمایاں کامیابی پاکستان کی اپنی بچوں کی ایمرجنسی گائیڈ لائنز کی تیاری ہے، جو کئی ماہ کی محنت، قومی و بین الاقوامی ماہرین کے اشتراک اور قومی اتفاقِ رائے کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بین الاقوامی گائیڈ لائنز انتہائی مفید ہیں، تاہم پاکستان کو ایسی رہنما ہدایات کی ضرورت تھی جو ملکی بیماریوں کے رجحانات، دستیاب وسائل، صحت کے نظام اور مقامی ہسپتالوں کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے کے صحت کے نظام میں تاریخی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کے علاج اور صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، گردے، جگر، بون میرو، قرنیہ اور کوکلیر امپلانٹ پروگرام، کینسر کے علاج، بالغوں کی ہارٹ سرجری، اسٹروک مینجمنٹ اور پنجاب بھر میں مفت ڈائیلاسز کی سہولیات جیسے متعدد بڑے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بہاولپور اور راولپنڈی میں نئے چلڈرن ہسپتال، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، کینسر ہسپتال، برن یونٹس اور میڈیکل کالجز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈاکٹروں، کنسلٹنٹس، نرسوں، پیرامیڈیکل اسٹاف، تکنیکی ماہرین اور دیگر طبی عملے کے لیے ہزاروں نئی آسامیاں بھی پیدا کی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے ڈاکٹر صفدر سلطان، ڈاکٹر عامر امداد اور تمام قومی و بین الاقوامی ماہرین و ورکنگ گروپس کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ایمرجنسی گائیڈ لائنز ملک بھر کے ہسپتالوں اور ایمرجنسی شعبوں میں بچوں کے علاج کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی اور ہر بچے کو بروقت، محفوظ اور معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گی۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق نے صوبائی وزیر صحت کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب کے صحت کے نظام کی بہتری کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیڈیاٹرک اپ ڈیٹ کانفرنس علم، تحقیق اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ثابت ہوگی، جس سے بچوں کی صحت کے شعبے میں جدید طبی رجحانات کو فروغ ملے گا۔