ملتان ،8 اگست (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ستھرا پنجاب مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے صفائی کے نظام کی کڑی مانیٹرنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ستھرا پنجاب ایجنسی کے کنٹریکٹرز کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے دوران صفائی کے معیار میں نمایاں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ اضافی مشینری اور افرادی قوت کو بھی سسٹم میں شامل کیا جائے۔یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عثمان اکرم نے صفائی آپریشن اور جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رشد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر، ضلعی حکام اور کمپنی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے بازاروں اور کمرشل مقامات پر پیلے ڈسٹ بنز اور کنٹینرز رکھے جائیں تاکہ شہریوں اور تاجروں کو کوڑا کرکٹ تلف کرنے کی مناسب سہولت میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے گی۔











