ماحولیاتی تحفظ اور قومی یکجہتی کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، رمیش سنگھ اروڑہ

5

لاہور، 8 اگست (اے پی پی): لائف فار گارڈینز فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سینٹ جوزف کیتھولک چرچ کینٹ میں ’’سرسبز پاکستان، متحد پاکستان‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی اور گرین پاکستان ریلی کی قیادت کی۔

تقریب میں سابق صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین، اقلیتی اراکین پنجاب اسمبلی طارق مسیح گل اور وسیم انجم سندھو، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لائف فار گارڈینز فاؤنڈیشن مہناز جاوید، پروفیسر کلیان سنگھ کلیان، بشپ نعیم پرشاد، فادر ولیم، پادری یونس، شیبا گل، پی کین نیٹ ورک در شہورا، شاہ نواز خان (ایس پی او) اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں مرد و خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے چرچ کے احاطے میں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر شرکاء نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، ماحول کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر گفتگو کی۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور تمام مذاہب کے پیروکار برابر کے شہری ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی و رواداری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ملک کی ترقی میں برابر کے شریک ہیں، جبکہ حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ’’ہفتۂ اقلیت‘‘ بھی بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد مذہبی رواداری، قومی یکجہتی اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔

سابق صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ نوجوان نسل کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تحفظ اور قومی یکجہتی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام برادریاں اس دھرتی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ شرکاء نے کہا کہ قومی یکجہتی ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔