وزیراعلیٰ مریم نواز کا ستھرا پنجاب میں مزید بہتری کا ہدف، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے کا حکم

5

لاہور، 8 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی جائزہ اجلاس ہوا جس میں ستھرا پنجاب کی صوبہ بھر میں کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کے نظام میں مزید بہتری لانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے متعدد احکامات جاری کیے۔

وزیراعلیٰ نے مارکیٹوں، بازاروں اور کمرشل علاقوں میں یکساں طرز کی ڈسٹ بن اور گاربیج بیگز کے استعمال، کمرشل علاقوں سے ویسٹ اٹھانے کے لیے اوقات کار مقرر کرنے اور صبح پانچ بجے مرکزی شاہراہوں کی دھلائی و صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے خالی پلاٹوں، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، ہسپتالوں، پارکس اور گرین بیلٹس کے اطراف بھی صفائی یقینی بنانے، ریلوے ٹریک کے اردگرد شہری علاقوں، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور سبزی و فروٹ منڈیوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ پانچ تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی اور کمپنیوں سے ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ طلب کرتے ہوئے واجب الادا رقوم کی جلد ادائیگی کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے اور علاقائی ضروریات کے مطابق ورکرز اور مشینری فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستھرا پنجاب میں کام نہ کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے، تاہم جرمانہ مقصد نہیں بلکہ صفائی یقینی بنانا اصل ہدف ہے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے سے قبل کنٹریکٹرز کو 24 گھنٹے میں بہتری لانے کا موقع دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی سڑکوں کے ساتھ گلی محلوں کی صفائی بھی انتہائی ضروری ہے، جبکہ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے۔ فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور بائیکس کی برانڈنگ کی ہدایت بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور اور مری سمیت بہتر کارکردگی دکھانے والے علاقوں کو شاباش دی، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سمیت دیگر علاقوں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے سات روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کر لیا۔