اسلام آباد،8اگست (اے پی پی):حکومت نے ملک کی خدمت میں قربانیوں، جرات اور غیر معمولی بہادری کے کارناموں کے اعتراف میں 78 افراد کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دی ہے۔
یہ فیصلہ ہفتہ کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت بہادری ایوارڈز سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ ایوارڈز ان افراد کے لیے مختلف زمروں میں منظور کیے گئے جنہوں نے اہم کردار ادا کیا اور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ ایک قومی ذمہ داری ہے کہ ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں اور وطن کی خدمت میں غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والوں کو پہچانا جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک شہیدوں اور غازیوں کا ان کی لازوال قربانیوں کا مقروض ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں اور غازیوں کی بہادری قومی اثاثہ ہے اور وطن سے عقیدت کی لازوال میراث ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔چاروں صوبوں کے نمائندوں نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور مجوزہ ایوارڈز پر تبادلہ خیال میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ 78 سول ایوارڈز کی منظوری حکومت کی قربانیوں اور بہادری کے کاموں کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بنانا کہ ملک کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دینے والوں کی خدمات کو قومی سطح پر اعزاز سے نوازا جائے۔











