اسلام آباد، 10 اگست ( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، اقلیتیں ملکی معاشرتی ڈھانچے اور قومی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کے وقار، تحفظ، مساوی حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع کو یقینی بنائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اقلیتی دن کے حوالے سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پارلیمنٹیرینز، پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کے ارکان، سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس تقریب کا انعقاد چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کے ویژن کے مطابق کہ اقلیتیں اور خواتین ان کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں کے حوالے سے کیا گیا تھا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2009ء میں بطور وزیراعظم ان کی حکومت نے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دیا تھا، جس کا مقصد اقلیتی برادریوں کے مساوی مقام، حقوق اور ملکی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے قومی سطح پر عزم کا اظہار کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس دور میں اقلیتی امور کے لیے وفاقی وزارت کے قیام، وفاقی ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے کوٹے اور سینیٹ میں اقلیتی نمائندگی کے فروغ سمیت متعدد عملی اقدامات کیے گئے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اقلیتی برادریوں کی لازوال خدمات سے عبارت ہے۔
تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنماؤں کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جوگندر ناتھ منڈل کو پہلی دستور ساز اسمبلی کی صدارت کے لیے منتخب کیا اور انہیں پاکستان کا پہلا وزیر قانون مقرر کیا، جو مساوات، شمولیت اور قومی یکجہتی کے اصولوں کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ، مسلح افواج، تعلیم، صحت، ادب، سائنس اور کھیل سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں اقلیتی شخصیات نے پاکستان کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے جسٹس اے آر کارنیلیس، جسٹس دوراب پٹیل، جسٹس رانا بھگوان داس، گروپ کیپٹن سیسل چوہدری اور ڈاکٹر رتھ فاؤ سمیت دیگر شخصیات کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور انسانی وقار کے اصول اسلامی روایات میں بھی گہری جڑیں رکھتے ہیں۔ میثاقِ مدینہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان پرامن بقائے باہمی، باہمی ذمہ داری اور احترام پر مبنی معاشرے کی روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اقلیتی دن قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین پاکستان میں درج مساوات، آزادی، انسانی وقار اور شمولیت کے اصولوں سے تجدیدِ عہد کا موقع ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اقلیتی برادری کو یقین دلایا کہ “یہ پارلیمنٹ آپ کی ہے، اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں اور آپ کا تحفظ، مساوی مواقع اور روشن مستقبل ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہونا چاہیے جہاں ہر شہری کا احترام ہو، ہر برادری کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے اور ہر فرد کو ملک کے مشترکہ مستقبل میں اپنا کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کے کنوینر سینیٹر دنیش کمار اور کاکس کے ارکان کو اقلیتوں کے حقوق، مساوی مواقع اور ادارہ جاتی احتساب کے لیے ان کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا اور قومی اقلیتی دن کی تقریب کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو اقلیتوں کے حقوق کے لیے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور ہمارا مذہب مختلف ہو سکتا ہے، تاہم ہمارا وطن پاکستان ہے۔
سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں تمام شہری برابر ہیں اور کسی کو دوسرے پر برتری حاصل نہیں۔ سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست کے خطاب کو قومی نصاب اور اہم قومی حوالوں میں شامل کیا جانا چاہیے۔
رکن قومی اسمبلی نوید عامر جیوا نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے سید یوسف رضا گیلانی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹے اور سینیٹ میں ہر صوبے سے اقلیتی نمائندگی کے اقدامات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کی برابر کی شہری ہیں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے لیے پرعزم ہیں۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قومی اقلیتی دن کے حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں تقریب کا انعقاد دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔
رکن قومی اسمبلی مہش کمار میلانی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو قومی اقلیتی دن کو قومی سطح پر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل نشست سے ان کا انتخاب اقلیتی برادری پر سیاسی قیادت کے اعتماد کی علامت ہے۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے بھی تقریب کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل درآمد ہی ملک کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔
تقریب میں سینیٹرز طاہر خلیل سندھو، بشریٰ انجم بٹ، فیصل سلیم رحمان، شہادت اعوان، ناصر بٹ، کامران مرتضیٰ، مولانا عطاء الرحمن، اراکین اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی و دیگر سیکرٹری سینٹ سید حسنین حیدر سمیت سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











