معاونِ خصوصی وزیراعظم ہارون اختر خان سے ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات

2

اسلام آباد، 10 اگست: معاونِ خصوصی وزیراعظم ہارون اختر خان سے ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈونگ گوان گانژو چیمبر آف کامرس کے صدر، اسپیشل سیکریٹری صنعت احسان علی منگی اور جوائنٹ سیکریٹری فریدون اکرم شیخ شریک تھے۔

ہارون اختر خان نے چینی وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چین ہمارے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔ چینی قیادت نے ملکی ترقی کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور چین کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی تعاون، بزنس ٹو بزنس شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور عوامی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے۔ بیٹری اسٹوریج، سولر و قابلِ تجدید توانائی، الیکٹرک گاڑیوں اور مصنوعی ذہانت سے منسلک جدید ٹیکنالوجی میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان صنعتی ترقی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، چینی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر مینوفیکچرنگ ہب اور سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں اور ان پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

چینی وفد نے مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع اور چیمبر آف کامرس کی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ معاونِ خصوصی وزیراعظم ہارون اختر خان نے چینی وفد کو شیلڈ پیش کی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔