اسلام آباد،11اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں کسی بھی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بات منگل کو اپنے زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور بارے جائزہ اجلاس کے دوران کہی ۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ کسی بھی بے ضابطگی اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں کسٹم بانڈڈ وئیر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاؤسز میں پٹرولیم مصنوعات سےمتعلق کارگو کی نگرانی وی-باک سسٹم سے منسلک ہے، بانڈڈ تجارت ملک کی کل درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹم بانڈڈ وئیر ہاؤسز کی فزیکل سٹاک ویریفیکشن کروائی جائے گی،ان کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں،کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کروائی جائے گی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا جائزہ لیا جائے گا ۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ وئیر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک،وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ،مشیر وزیر اعظم ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











