لودھراں ،11 اگست (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ لودھراں کے زیر اہتمام مکہ مکرمہ میں ہونے والے باہمی دفاعی معاہدے کے حوالے سے کانجو ہال میں خصوصی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی گیلانی، سید مصلح الدین، عمر مختار، فریحہ زہرا، شیخ سیف الدین سیفی، ملک حبیب کھوکھر، ملک رمضان چھینہ، ملک محمد اصغر سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدہ ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے مسلم امہ کے باہمی اتحاد، دفاعی تعاون اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر ہونے والے اس معاہدے سے مسلم امہ کی روشن روایات کی عکاسی ہوگی، جبکہ دفاعی اور سٹریٹجک تعاون سے ترقی، امن اور استحکام کے نئے باب کھلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد پہلی بار مسلم امہ اپنے اجتماعی مفادات کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی مسلم امہ کے اتحاد اور اجتماعی مفادات کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اپنے درخشاں مستقبل کی جانب گامزن ہے۔ مکہ دفاعی معاہدے سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔تقریب کے دوران نجمی برادرز نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ شہریوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے میوزک کنسرٹ کے انعقاد کو بھی سراہا گیا۔











