اسلام آباد، 11 اگست ( اے پی پی): جشن آزادی کی آمد کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سبز و سفید رنگوں کی خوبصورت چادر اوڑھ لی ہے، شاہراہ دستور سے لے کر مارگلہ کے دامن میں واقع سیکٹرز تک ہر سو آزادی کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔
شہرِ اقتدار کی سرکاری ا اور اہم نجی عمارتوں کو برقی ققموں سے سجا دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس، ایوانِ صدر، اور سپریم کورٹ کی عمارتوں پر کی گئی چراغاں رات کے وقت شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جسے دیکھنے کے لیے فیملیز کی بڑی تعداد رخ کر رہی ہے۔
دوسری جانب شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ بڑی مارکیٹوں سمیت مختلف بازاروں میں جگہ جگہ آزادی کے اسٹالز قائم ہیں، جہاں قومی پرچم، بیجز، سبز لباس اور ہینڈ بینڈز سمیت جشن آزادی سے متعلق دیگر اشیاء کی خریداری کے لیے بچوں اور نوجوانوں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے
دکانداروں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے 14 اگست کا دن قریب آ رہا ہے، خریداروں کے رش میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، اور خاص طور پر بچوں کے ملبوسات اور بڑی سائز کی جھنڈیوں کی مانگ سب سے زیادہ ہے۔
اسلام آباد کی فضائیں اس وقت وطنی نغموں اور ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعروں سے گونج رہی ہیں وہیں شہری اس عزم کا اعادہ کر رہے ہیں کہ وطن کی آزادی اور سلامتی کا یہ جشن ہر سال اسی طرح شاندار انداز میں منایا جاتا رہے گا۔











