صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا

4

اسلام آباد، 11 اگست (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک خصوصی اعزازی تقریب میں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ  جنرل سید عامر رضا کو ‘نشانِ امتیاز (ملٹری)’ کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز سے نوازا ہے۔

جنرل سید عامر رضا کو یہ اعلیٰ عسکری اعزاز پاکستان کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ممتاز خدمات اور وقیع کاوشوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

ایوانِ صدر میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، اراکینِ پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے صدر مملکت سے شیڈول ملاقات بھی کی، جس کے دوران صدر زرداری نے انہیں ان کی مستقبل کی ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔