پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات کو اسٹریٹجک سمت دینے کیلئے وزارتی کمیشن کا کردار اہم ہے،وفاقی وزیر  تجارت جام کمال خان

4

اسلام آباد، 12 اگست )اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، جو ترجیحات کے تعین، پیش رفت کے جائزے اور باہمی تعاون کو اسٹریٹجک سمت دینے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام، مساوات اور مشترکہ خوشحالی کے عزم پر قائم ہیں۔ عالمی اقتصادی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، اس لیے دوطرفہ شراکت داری کو عملی اور نتیجہ خیز تعاون میں تبدیل کرنا ہوگا تاکہ تعاون کے حقیقی فوائد کاروباری برادری، ہنرمند افراد اور دونوں ممالک کے عوام تک پہنچ سکیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں ہونے والی بات چیت پائیدار اور مستقبل پر مبنی پاکستان بیلاروس شراکت داری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ تجارت کے شعبے میں مستقل رابطے اور پیش رفت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ اہم کردار ادا کرے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لیبر اور انسانی وسائل کا شعبہ پاکستان بیلاروس تعاون کا اہم حصہ بن چکا ہے، جبکہ ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور فوڈ سکیورٹی پاکستان بیلاروس تعاون کے اہم ستون ہیں۔ زرعی ٹیکنالوجی، بیج، پیداوار میں بہتری اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون سے دوطرفہ تجارت اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

جام کمال خان نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے نتائج دونوں ممالک کی خیرسگالی کو عملی اقتصادی تعاون میں تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان اور بیلاروس باہمی اعتماد اور تعمیری جذبے کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔