پاک چین دوستی کو وسیع سیاسی حمایت حاصل، قومی اتفاقِ رائے کی علامت ہے: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

3

اسلام آباد، 13 اگست (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور غیر متزلزل حمایت پر استوار ایک دیرپا اور لازوال تعلق ہے، جسے ملک بھر میں مکمل قومی اتفاقِ رائے اور وسیع سیاسی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے وفد اور پاکستانی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

سیمینار کے آغاز پر چیئرمین سینیٹ نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے معزز وفد اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے نمائندگان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور دونوں ممالک و عوام کے باہمی مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ باہمی تبادلہ سیاسی جماعتوں کی ترقی، طرزِ حکمرانی اور ریاستی انتظام کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے چین کی ترقی اور خوشحالی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی تجربہ ادارہ جاتی استعدادِ کار بڑھانے اور طرزِ حکمرانی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قابلِ قدر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات روایتی سفارتی روابط سے کہیں آگے بڑھ کر باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی جامع شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے ‘ون چائنا پالیسی’ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور اسلام آباد دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے قیام کی 105 ویں سالگرہ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے جماعتی سطح پر روابط اور تبادلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بیجنگ کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ سیاسی، پارلیمانی اور جماعتی سطح پر بڑھتے ہوئے روابط باہمی تعاون اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاک چین دوستی پاکستانی عوام کے دلوں میں ایک منفرد اور انتہائی عزیز مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سیمینار کی تعمیری اور نتیجہ خیز بحث پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کے بندھن کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیشرفت ثابت ہوگی۔

قبل ازیں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے آرگنائزیشن ڈیپارٹمنٹ کے پارٹی بلڈنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے فرسٹ لیول انسپکٹر لیو ڈاشیو کی قیادت میں چینی وفد نے چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے سی پی سی اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں و اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو سراہا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جماعتی سطح پر روابط سیاسی جماعتوں کی ترقی، طرزِ حکمرانی اور ریاستی امور میں باہمی افہام و تفہیم اور تجربات کے تبادلے کے لیے ایک انتہائی اہم اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیراعظم اپنے دورہٴ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ان کی ملاقاتیں ہمیشہ انتہائی مفید رہیں۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ان دوستانہ روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔