وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ

3

اسلام آباد، 13 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ان کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر کو این ای او سی کے امور اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں آفات کی پیشگی اطلاع، ہنگامی ردعمل کے نظام، مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام،قبل از وقت خطرات کی نشاندہی، نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی اقدامات اور رسک کمیونیکیشن سسٹم سے آگاہ کیا گیا۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے موبائل این ای او سی اور محفوظ تعمیراتی ماڈلز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے این ڈی ایم اے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال آفات سے نمٹنے کی صلاحیت اور قومی استحکام میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے این ڈی ایم اے اور وزارت آئی ٹی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔