وزیراعظم شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات؛ دوطرفہ تجارت اور تیل و گیس کی تلاش میں سرمایہ کاری کی دعوت

3

اسلام آباد: 13 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے جمعرات کویہاں وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی شراکت داری، توانائی کے شعبے اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ناروے کے درمیان قائم گرم جوش اور دوستانہ تعلقات پر کامل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے (کلائمیٹ ریزیلینس) کے شعبوں میں ناروے کے تعاون کو سراہا۔

 انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے پر زور دیتے ہوئے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی۔

علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطین کی حمایت میں ناروے کے مضبوط اور اصولی موقف کی بھرپور تعریف کی، جبکہ خلیجی خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مسلسل حمایت پر بھی ناروے کا شکریہ ادا کیا۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے علاقائی امن کے قیام میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات اور مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔