وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا مارگلہ، راولپنڈی اور گولڑہ ریلوے اسٹیشنز کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

3

اسلام آباد، 13 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مارگلہ، راولپنڈی اور گولڑہ ریلوے اسٹیشنز کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں سے ملاقات کی اور ان سے سفری سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے گرین لائن ٹرین کا تفصیلی جائزہ لیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

وفاقی وزیرِ ریلوے نے ریلوے اسٹیشن پر صفائی، سیکیورٹی، مسافروں کی سہولت اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسٹیشن عملے سے ملاقات کی اور یومِ آزادی کے موقع پر مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ لی۔

مارگلہ ریلوے اسٹیشن کے بعد وفاقی وزیر نے راولپنڈی اور گولڑہ ریلوے اسٹیشنز کا بھی دورہ کیا اور وہاں مسافروں کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کا معائنہ کیا۔

محمد حنیف عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ یومِ آزادی کے موقع پر تمام ریلوے اسٹیشنز پر بہترین انتظامات، صفائی، سیکیورٹی اور مسافروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے اس قومی تہوار کے موقع پر مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔