ڈی چوک میں آزادی پریڈ شو کی تیاریاں مکمل، شہری بلا معاوضہ شرکت کر سکیں گے

6

اسلام آباد، 14 اگست (اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں جشنِ آزادی کے حوالے سے تقریبات کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے، ڈی چوک میں اسلام آباد کے سب سے بڑے “آزادی پریڈ شو” کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے ڈی چوک پہنچ کر پریڈ شو کی تیاریوں، ٹریفک و پارکنگ کنٹرول اور ڈائیورشن پلان کا تفصیل سے جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر عرفان کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی کو شہریوں کے لیے یادگار بنانے کے لیے مختلف رنگا رنگ سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں، جبکہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران ہمہ وقت شہریوں کی تفریح اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شام 5 بجے شروع ہونے والے اس شو میں شہریوں کو بالکل مفت انٹری دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے التماس کیا کہ وہ شو کے دوران نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں تاکہ تمام لوگ اس پرمسرت تقریب سے باآسانی لطف اندوز ہو سکیں۔