ازبک سفیر کی پاکستانی عوام کو 80ویں یوم آزادی پر مبارکباد

4

اسلام آباد،14اگست  (اے پی پی):پاکستان میں ازبکستان کے سفیر  علی شیر تختیوف  نے ملک کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام  کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان  مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید وسعت اختیار کرتے رہیں گے۔

ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں سفیر  علی شیر تختیوف نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کی قیادت بالخصوص ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوئیف اور پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف، دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے، دونوں معیشتوں کو مربوط کرنے اور تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

ازبک سفیر نے آزادی کو محض ایک سیاسی تصور قرار دینے کے بجائے کہا کہ یہ عام لوگوں کی روزمرہ زندگی اور ان کی امنگوں میں بھی نظر آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کوئی مجرد لفظ نہیں،  یہ اس بچے کی مسکراہٹ ہے جو روشن آنکھوں اور ہاتھ میں اپنی پہلی کتاب لیے سکول جا رہا ہے۔

انہوں  نے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تزویراتی اور اقتصادی تعاون  بالخصوص مجوزہ ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا  کہ یہ منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان ایک اہم رابطہ قائم کرے گا  جبکہ دولتِ مشترکہ کی آزاد ریاستوں (سی آئی ایس) کو جنوبی ایشیا سے بھی منسلک کرے گا، ریلوے منصوبہ علاقائی تجارت، رابطہ کاری اور اقتصادی انضمام کے لیے نمایاں مواقع پیدا کرے گا۔

انہوں نے دوطرفہ تجارت میں تیزی سے ہونے والے اضافے کی جانب بھی توجہ دلائی اور بتایا کہ 2024 میں ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم 404.5 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران دوطرفہ تجارت پہلے ہی 350 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے  جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 126 فیصد اضافہ ہے۔سفیر  علی شیر تختیوف  نے کہا کہ تجارتی نمائشوں، تجارتی مراکز کے قیام، نئی فضائی رابطہ کاری اور ثقافتی تبادلوں سمیت متعدد اقدامات عوامی اور کاروباری سطح پر تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کو 2 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے مزید قریب لا رہے ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر سفیر  علی شیر تختیوف  نے ازبکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے برادر ملک پاکستان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور مسلسل ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے دعا کی کہ  پاکستانی پرچم ہمیشہ سربلند رہے، اس کے عوام خوشحال رہیں اور ہر گھر امن، محبت اور امید سے بھرا رہے۔انہوں نے پاکستان کی مضبوطی، اتحاد اور روشن مستقبل کے لیے بھی دعا کی۔