راولپنڈی ،15اگست (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف ،چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے ملک کے دفاع میں سابق فوجیوں کی انمول شراکت اور تاحیات خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قومی لچک کو مستحکم بنانے میں ان کے لازوال کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل مصروفیت خاص طور پر تیزی سےابھرتے ہوئے اور سکیورٹی کے پیچیدہ مسائل کے حل کے لئے قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے۔ سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلح افواج کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم بھی کیا۔ استقبالیہ میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











