وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت

6

اسلام آباد ،15 اگست ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ موثر رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک کی موسمیاتی صورتحال، بالخصوص مون سون بارشوں کے پیش نظر سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں این ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔