اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کے قیام میں تاخیر پر وزیراعظم کی سخت برہمی، تمام سرکاری اداروں اور ایس او ایز میں ای آفس نافذ کرنے کی ہدایت

5

 اسلام آباد , 17 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) میں اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی پیشرفت سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے تکنیکی تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور اس کا انتظام مکمل آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو بروقت اور شفاف ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں وزیراعظم نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کو فوری ڈیجیٹائز کرنے اور وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں سمیت ایس او ایز (SOEs)

میں ای آفس کا استعمال ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ مکمل کر کے شفاف تعیناتیاں کی جا رہی ہیں جبکہ تمام وفاقی وزارتیں کامیابی سے ای آفس پر منتقل ہو چکی ہیں۔ وزیراعظم نے ای آفس پر منتقلی کو اہم ترین کامیابی قرار دیتے ہوئے سرکاری پلیٹ فارمز کو مزید جدید بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔