متحدہ عرب امارات میں ویزہ مسائل اور ڈیپورٹیشن کے شکار افراد میزبان ملک کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث تھے، خواجہ آصف

4

اسلام آباد۔18اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ویزہ مسائل اور بے دخلی (ڈیپورٹیشن) کا سامنا کرنے والے 80 سے 90 فیصد افراد وہ ہیں جنہوں نے میزبان ملک کے مفادات اور قوانین کے خلاف واضح طور پر فریق بن کر سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود تقریباً 13 سے 14 سال متحدہ عرب امارات میں مقیم رہے ہیں اور اس صورتحال سے سرکاری اور غیر سرکاری دونوں حوالوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔

خواجہ محمد آصف نے واضح کیا کہ جس ملک میں کوئی شہری قیام پذیر ہو اگر وہ اسی ملک کے مفادات کے خلاف کسی تنازعہ یا معاملے میں باقاعدہ فریق بنے گا تو متعلقہ ریاست کو اپنے قوانین کے تحت جوابی کارروائی اور اقدامات کا پورا حق حاصل ہوتا ہے۔متعلقہ معاہدے  اور یو اے ای کی مجموعی صورتحال پر ایوان کو تفصیلی بریفنگ دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لینے کے لئے مکمل تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کی جو تفصیلات پبلک کی جا سکتی ہیں وہ ایوان کے سامنے رکھی جائیں گی جبکہ حساس معاملات پر بند کمرہ (ان کیمرہ) بریفنگ بھی دی جا سکتی ہے۔

 وفاقی وزیر نے متعلقہ وزارتوں سے مکمل تفصیلات حاصل کر کے ایوان کو تفصیلی بریفنگ دینے کے لئے ایک دن کا وقت طلب کیا۔