اسلام آباد، 20اگست(اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت پاک سعودی عرب زرعی تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق، چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر احد چیمہ نے بتایا کہ سعودی وزیر ماحولیات و زراعت عبدالرحمٰن الفضلی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔
اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوراک کے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت گوشت، چاول، پروسیسڈ فوڈ اور حیوانی چارے کی برآمدات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سعودی وفد نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کا دورہ کرے گا، جہاں اسے زرعی تحقیق کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں پاکستان سعودی ایگری انویسٹمنٹ فنڈ کے قیام اور فوڈ ریسرچ کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی بھی توقع ظاہر کی گئی۔ سعودی وفد پاکستانی کاروباری گروپس اور صوبائی وزرائے زراعت سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو ٹھوس معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستان اپنی زرعی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی عرب کو زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ شعبوں کو تجارتی بنیادوں پر قابل عمل تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔











