اسلام آباد، 20 اگست: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وقفۂ سوالات کے دوران رکن قومی اسمبلی محمد الیاس چوہدری کی جانب سے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب موصول نہ ہونے اور متعلقہ وزارت کے افسران کی ایوان میں عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے استفسار کیا کہ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ سے متعلق مذکورہ سوال کا جواب گزشتہ چار اجلاسوں سے ایوان کو کیوں فراہم نہیں کیا گیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ مذکورہ سوال قومی اسمبلی کے 26ویں اجلاس میں پوچھا گیا تھا، تاہم متعدد اجلاس گزرنے کے باوجود اس کا جواب تاحال ایوان کو موصول نہیں ہوا، جو پارلیمانی کارروائی کے حوالے سے قابلِ تشویش امر ہے۔
اسپیکر نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو ہدایت کی کہ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری اور متعلقہ سیکشن آفیسر کو فوری طور پر ایوان میں طلب کیا جائے اور انہیں ہدایت کی جائے کہ ایوان کی کارروائی مکمل ہونے تک وہ ایوان میں موجود رہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ وقفۂ سوالات کے دوران ارکانِ پارلیمنٹ کے سوالات کے بروقت اور مکمل جوابات فراہم کرنا متعلقہ وزارتوں کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت قابلِ قبول نہیں ہو گی۔
بعد ازاں، اسپیکر قومی اسمبلی نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کے متعلقہ حکام کی ایوان میں حاضری تک قومی اسمبلی کے اجلاس کی کاروائی عارضی طور پر معطل کر دی۔











