لاہور، 22 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے نشتر ٹاؤن، کماہاں اور قصور روڈ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ فوکل پرسن سُتھرا پنجاب عاصم محمود اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ذیشان رفیق نے موقع پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ شہریوں سے انتظامات کے بارے میں براہِ راست فیڈبیک بھی حاصل کیا۔
بعض شہریوں کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے شدید گرمی اور حبس میں فرائض انجام دینے والے سُتھرا پنجاب کے ورکرز سے بھی ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کا سہرا ورکرز کے سر ہے، جبکہ سخت گرمی اور حبس میں سڑکوں پر کام کرنے والے ورکرز ہمارے ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے براہِ راست فیڈبیک لینے کا مقصد صفائی کے نیٹ ورک کو مزید مؤثر اور بہتر بنانا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سُتھرا پنجاب کے افسران کو فیلڈ میں جا کر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔











