اسلام آباد ،23 اگست ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی ۔
صدرِ مملکت نے سعودی سفیر کی پاکستان سعودی دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے استحکام کے لیے خدمات اور تعاون کو سراہا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ سعودی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے مملکتِ سعودی عرب کی مستقل حمایت کو بھی سراہا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ سفیر نواف بن سعید المالکی کے دور میں قائم ہونے والی مضبوط بنیاد آنے والے برسوں میں بھی پاک سعودی دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔
سعودی سفیر نے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، گرمجوشی اور تعاون پر صدرِ مملکت، حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور اس کی عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔
صدرِ مملکت نے سعودی سفیر کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











