حکومت چھوٹے دکانداروں کو سہولت فراہم کرنے اور انہیں ٹیکس نظام کا حصہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، بلال اظہر کیانی

4

اسلام آباد،24اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت چھوٹے دکانداروں کو سہولت فراہم کرنے اور انہیں ٹیکس نظام کا حصہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

ان  خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں سمال شاپ کیپرز اسکیم کے حوالے سے آگاہی اجلاس سے خطاب کرتے   کیا۔ریٹیلر اسکیم میں رجسٹریشن کا عمل آسان، ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل اور چھوٹے تاجروں کی ضروریات کے مطابق نظام وضع کیا گیا ہے  یہ اسکیم وزیراعظم پاکستان کے وژن اور ہدایات کے تحت تیار کی گئی ہے اور ملک کی تاریخ میں چھوٹے دکانداروں کے لیے آسان ترین ٹیکس نظام کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اسکیم چھوٹے تاجروں کو قومی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے اور اپنی قومی ذمہ داریاں آسان طریقے سے ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ ایف بی آر چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے بھی حکومت کے مکمل تعاون اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ایف بی آر کے ڈیجیٹل نظام، ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے رجسٹریشن کے طریقہ کار کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ شرکاء نے سوال و جواب کے سیشن میں ٹیکس کے حساب اور رجسٹریشن سے متعلق امور پر آگاہی حاصل کی۔

تاجر نمائندوں نے آسان اور ڈیجیٹل نظام کو سراہتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کی حمایت کا اظہار کیا اور اسکیم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشاورتی عمل میں اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت کے علاوہ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری سمیت اہم تاجر نمائندگان نے شرکت کی۔